ضلع ناظم ایبٹ آباد نے کسانوں کو غیر معیاری ادویات کی فراہمی کا نوٹس لے لیا

بدھ اپریل 13:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2018ء) ضلع ناظم ایبٹ آباد علی خان جدون نے کسانوں کو غیر معیاری ادویات کی فراہمی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرا دی، کسانوں کو درپیش دیگر تمام مسائل بھی جلد از جلد حل کریں گے۔ ضلع ایبٹ آباد کے ضلعی کسان کونسلر قاری راشد، ضلعی صدر یاسر خان جدون، وحید اعوان، نذیر احمد گجر، نعیم اعوان، وحید اعوان، شہباز خنا، کالا خان، عابد خان، اشتیاق خان ہر سال اپنی مدد آپ کے تحت متحدہ لیبر کسان کنونشن کا انعقاد کرتے ہیں۔

گذشتہ روز منڈیاں میں منعقدہ لیبر کسان کونسلر کا جلسہ منعقد ہوا جس میں ضلع ایبٹ آباد کے کسان کونسلروں نے بھرپور شرکت کی۔ جلسہ کے مہمان خصوصی ضلع ناظم علی خان جدون تھے۔

(جاری ہے)

ضلعی کسان کونسلر و متحدہ لیبر کسان کے چیئرمین قاری راشد محمود، ضلعی صدر یاسر خان جدون، وحید اعوان، نذیر گجر اور دیگر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی سمیت دیگر محکموں کی جانب سے کسان کونسلروں کو کسی بھی قسم کی کوئی مراعات فراہم نہیں کی جا رہی ہے، محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں کو دو نمبر اور جعلی ادویات فراہم کی جاتی ہیں، کسان کونسلروں کے پانچ فیصد فنڈز کو بڑھا کر 15 فیصد کیا جائے، کسان کونسلروں کو دیگر مراعات بھی دی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں مال مویشیوں کی ڈسپنسری قائم کی جائے کیونکہ کسانوں کو ہزاروں روپے خرچ کر کے جانوروں کے علاج کیلئے سرکاری ہسپتال آنا پڑتا ہے جہاں سرکاری ڈاکٹر 500 روپے سے ایک ہزار روپے معائنہ کیلئے لیتے ہیں، کسانوں کو لائیو سٹاک، کھاد اور زرعی ادویات میں سبسڈی فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :