نجی تعلیمی اداروں نے آئی ایم یو اور ڈسٹرکٹ سکروٹنی کمیٹی کے قیام کے خلاف 23 اور 24 اپریل کو سکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا

بدھ اپریل 13:54

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2018ء) خیبر پختونخوا کے نجی تعلیمی اداروں نے آئی ایم یو اور ڈسٹرکٹ سکروٹنی کمیٹی کے قیام کے خلاف علامتی ہڑتال کے طور پر 23 اور 24 اپریل کو سکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ صوبائی حکومت کا سنجیدگی سے فیصلہ واپس نہ ہونے پر احتجاجی ہڑتال کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے، تنظیم کے تمام ضلعی صدور کو شیڈول سے آگاہ کر دیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (پن) خیبر پختونخوا کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء نے آئی ایم یو اور ڈسٹرکٹ سکروٹنی کمیٹی کے قیام اور اس کے ڈی ایم او کو اس کا سربراہ بنانے کے حکومتی فیصلہ کو تعلیم دشمنی قرار دیتے ہوئے اسے بیرونی ڈونر ایجنسی کا منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ فیصلے قطعی منظور نہیں، ماہر تعلیم اور محب وطن لوگوں کی مشاورت کے بغیر غیر ملکی ڈونر ایجنسی کے ایماء پر بنائی گئی تعلیم کش پالیسیوں کا نفاذ دینی و ملی اقدار کو کچلنے کے برابر ہے، تمام ادارے آئین کے پابند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم نجی اداروں کو دبائو میں لانے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں، آئی ایم یو اور ڈسٹرکٹ سکروٹنی کمیٹی کا نوٹیفکیشن فی الفور معطل کیا جائے۔