باردانہ کی فراہمی میں میرٹ اور پہلے آئیے پہلے پائیے کے حصول کو اپنایا جائے،لیاقت علی چٹھہ

بدھ 18 اپریل 2018 15:13

سرگودھا۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء)ڈپٹی کمشنر سرگودہا لیاقت علی چٹھہ نے گندم خریداری مرکز آسیہ والا کا دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں ون ونڈو آپریشن کے تحت گرداوری فردوں اور باردانہ کے اجراء کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کسانوں سے باردانہ کے حصول میں مشکلات کے بارے میں دریافت کیا اور عملہ کو سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سنٹروں پر باردانہ کے سلسلہ میں کسی سفارش اور اثرو رسوخ کو خاطرمیں نہ لائیں ۔

(جاری ہے)

میرٹ اور صرف میرٹ ،استحقاق اور پہلے آئیے پہلے پائیے کے حصول کو اپنائیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی شکایات کی صورت میں افسر و اہلکار کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو واضح کیا کہ وہ سنٹر پر ہونے والی بے ضابطگیوں اور ریکارڈ کے ذمہ دار ہونگے ۔ دورہ کے موقع پر اے سی سرگودہا اور اے ڈی ایل جی شیخ اقبال بھی انکے ہمرہ تھے۔ انہوںنے کسانوں کے مسائل سنے اور انکے فوری حل کے احکامات جاری کئے ۔بعدازاں انہوں نے کوٹ مومن ‘للیانی کے ہیلتھ سنٹر اور بھلوال ‘ پھلروان ‘ میانی کے سنٹر گندم خریداری کابھی دورہ کیا اور وہاں پرباردانہ کے طریقے کار کا جائزہ لیا ۔