نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر فُل ڈریس ریہرسل، 20 اپریل بروز جمعہ سے فعال ہو گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 اپریل 2018 15:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اپریل 2018ء) : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حال ہی میں تعمیر کیے گئے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر آج عملے کی فُل ڈریس ریہرسل کی جا رہی ہے۔ اس ائیر پورٹ میں مسافروں کے لیے مختلف ائیر لائنز کے 70 کے قریب چیک ان کاؤنٹر ہیں، اس ائیر پورٹ پر کمرشل سرگرمیوں کا آغاز 20 اپریل 2018ء بروز جمعہ سے ہوگا۔

سول ایوی ایشن کے اعلیٰ افسر نے کہا کہ ہماری طرف سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ہمارے اسٹیک ہولڈرز بھی تیار ہیں اور بین الاقوامی طور پر بھی یہ ائیر پورٹ نوٹیفائی کروا دیا گیا ہے ۔ 20 اپریل سے اس ائیر پورٹ کو فعال کر دیا جائے گا۔ سول ایوی ایشن افسر نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کا پہلا گرین فیلڈ ائیر پورٹ ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ اس ائیر پورٹ کو گراؤنڈ لیول سے سٹارٹ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ائیر پورٹ پر اسلام آباد کے پُرانے ائیر پورٹ سے دس گنا بڑا پارکنگ ایریا ہے۔ عملے کا پارکنگ ایریا الگ جبکہ مسافروں کو پارکنگ کی سہولیات الگ ایریا میں دی گئی ہیں ۔ سول ایوی ایشن کے اہلکار نے بتایا کہ یہاں پانی کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یہاں تین ڈیم تعمیر کیے جانے تھے جن میں سے دو تعمکیر کیے جا چکے ہیں۔ ہمارے پاس اگر پانی نہ ہو تو بھی ہمارے پاس ایک سال کا پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔

یہاں اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس لگائے گئے ہیں، جس کے ذریعے منرل واٹر بھی ملے گا اور عام نلکے کا پانی بھی دستیاب ہو گا۔فی الوقت اس ائیر پورٹ کا نام اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ ہی رکھا گیا ہے ، نام میں تبدیلی حکومتی فیصلے پر منحصر ہے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 کراچی سے اسلام آباد پہنچے گی۔ یہ پرواز اس ائیر پورٹ پر آنے والی پہلی پرواز ہو گی۔

جبکہ اس ائیر پورٹ سے روانہ ہونے والی پہلی پرواز پی کے اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہو گی۔ سعودی ائیر لائنز اور اتحاد ائیر لائن نے جمعہ سے جبکہ ایمریٹس ائیر لائن نے ہفتے سے اس ائیر پورٹ پروازوں کی آمدورفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پروازوں کی مزید معلومات کے لیے مسافر اپنی مطلوبہ ائیرلائن سے پوچھ سکتے ہیں۔ اسلام آباد کے نئے انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے مناظر آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: