پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں17فیصد کمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 18 اپریل 2018 15:47

پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں17فیصد کمی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 اپریل۔2018ء) پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کے مارچ کے مقابلے میں رواں سال کے اسی عرصے کے دوران 47 فیصد کم رہی۔اسٹیٹ بینک پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2018 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 4.4 فیصد کم ہو کر 2 ارب 9 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک رہی، تاہم صرف مارچ کے مہینے میں ملک میں 15 کروڑ 30 لاکھ روپے وصول ہوئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 32 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھے۔

رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاری میں تیزی سے کمی آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی سیاسی صورتحال کی طرف اشارہ کرتی ہے۔اس کے علاوہ معاشی اشارے مالی سال 18 میں ترقی کی شرح کو 5.8 فیصد تک پہنچنے کا امکان ظاہر کر رہے ہیں لیکن چین کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان سے دور رہنے کا سلسلہ برقرار ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ماہانہ آمدنی دیکھی جائے تو چینی سرمایہ کاری 5 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی اور پاکستان چین کے لیے ایک پرکشش مقام رہا اور 18-2017 کے پہلے 9 ماہ میں آمدنی کا مجموعی حصہ 64 فیصد یا 1 ارب 34 کروڑ ڈالر رہا۔

رواں مالی سال میں جولائی 2017 سے مارچ 2018 تک کی بات کی جائے تو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں چین کے بعد برطانیہ نے 22 کروڑ ڈالر، ملائیشیا نے 12 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، امریکا نے 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اور سوئزرلینڈ نے 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی۔دوسری جانب ملک کو اس وقت مالی خسارے سے نمٹنے کے لیے بڑی آمدنی کی ضرورت ہے کیونکہ اندازے کے مطابق مالی سال 2018 کے اختتام تک مالی خسارہ 15 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔اس کے علاوہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں بہتر کارکردگی کے باعث 9 ماہ کے دوران کل غیر ملکی نجی سرمایہ کاری میں 20 فیصد اضافہ ہوا، تاہم پورٹ فولیو سرمایہ کاری کے انخلاءمیں کمی ہوئی اور وہ 9 کرڑ 30 تک رہ گئی۔

متعلقہ عنوان :