اقراء یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے کانووکیشن کا انعقاد، 200 گریجویٹس میں ڈگریاں، گولڈ میڈل اور ایوارڈ تقسیم کئے گئے

بدھ اپریل 16:30

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2018ء) اقراء یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کا کانووکیشن بدھ کو کنونشن سنٹر میں منعقد ہوا، کانووکیشن میں 200 گریجویٹس میں ڈگریاں، گولڈ میڈل اور ایوارڈ تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

اقراء یونیورسٹی کے چیئرمین حنید حسین لاکھانی، چانسلر ارم اسد لاکھانی، وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد ابراہیم خان اور نائب صدر ڈاکٹر محمد اسلام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

فیشن اینڈ ڈیزائننگ، سوشل سائنسز، کمپیوٹر اینڈ ٹیکنالوجی، الیکٹریکل انجینئرنگ کے طلباء نے ڈگریاں وصول کیں جس میں 120 بیچلر، 61 ماسٹرز اور 3 پی ایچ ڈیز دی گئیں جبکہ اعلیٰ کارکردگی پر 16 طلباء کو گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ہمیں خوشی ہیں کہ ہمارا مستقبل ان کے ہاتھوں میں ہے۔