شہر میں جرائم کی بڑھتی ہوئی ورداتیں سیکورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے‘ ذکر اللہ مجاہد

انتظامیہ چند افراد کو پروٹوکول دینے میں مصروف عمل ہے اور شہر لاہور جرائم کی آجگاہ بن گیا ہے ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 18 اپریل 2018 17:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ شہر میں بھتہ خوری کی بڑھتی وارداتیں سیکورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کیلئے لمحہ فکریہ ہیں ۔ انتظامیہ چند افراد کو پروٹوکول دینے میں مصروف عمل ہے اور شہر لاہور جرائم کی آجگاہ بن گیا ہے ۔۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماڈل ٹائون جیسے علاقے میں رات گئے اور دن دھاڑے سپریم کورٹ کے معزز جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ نہایت افسوس ناک واقع ہے جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہم افراد کے گھر محفوظ نہیں تو عام شہری کیسے محفوظ ہو سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

دن کا اجالا ہو یا رات کا اندھیرہ جرائم پیشہ افراد سے کسی بھی وقت کہیں بھی محفوظ نہیں رہا ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے جرائم اور جرائم پیشہ افراد کی کاروائیوں کو روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں ۔ شہر ی روزانہ کی بنیاد پر سٹریٹ کرائم جیسی وارداتوں سے دور چار ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں سٹریٹ کرائم کی شرح جس تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے اس سے پنجاب پولیس اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ شہر میں سیکورٹی کے موثر انتظامات کیے جائیں اور شہر لاہور کے باسیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔