عوام علاقہ ، ضامن آباد ، پنیالی ، شاہدرہ ، بھروڑہ ، سائیاں کے عوام نے احتجاج کے اعلان کی دھمکی دیدی

بدھ اپریل 18:18

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2018ء) عوام علاقہ ، ضامن آباد ، پنیالی ، شاہدرہ ، بھروڑہ ، سائیاں کے عوام نے احتجاج کے اعلان کی دھمکی دیدی ۔ ضلعی انتظامیہ آنکھیں بند کرنے کی بجائے حقیقت سامنے لائے ‘ ضرورت سے زائد زمین کی خریداری آخر کیوں ‘ کس کو نوازنے کیلئے قومی خزانے کو پھکی دی جارہی ہے ‘پانچ میل ، ضامن آباد میں مسلم لیگی حکومت نے چہتوں کو نوازنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ‘ وزیراعظم سے قربت کا ناجائز فائدہ قومی خزانے کو کروڑوں کا ٹیکہ لگانے کیلئے کچھ سیاسی عناصر اس کام کو حل کروانے کیلئے دن رات مصروف عمل ‘ بلدیہ مظفرآباد کا سالٹ ویسٹ پراجیکٹ سیاسی بندربانٹ کا نشانہ بن رہا ہے ۔

پراجیکٹ کیلئے بلدیہ کو 10کنال رقبہ درکار ہے جبکہ ضامن آباد میںبلدیہ کی اپنی زمین 60کنال ہے اب محض سیاسی طور پر رشوت اور اقرباء پروری کیلئے مزید رقبہ ایوارڈکیا جارہا ہے جوکہ آزاد حکومت کی گڈ گورننس اور شفافیت پر سوالیہ نشان ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بلدیہ نے 15سال قبل ضامن آباد میں دریا کنارے 60کنال اراضی سالٹ ویسٹ پراجیکٹ کیلئے خریدی اور 30فٹ گولہ روڈ بھی تعمیر کی اور اس تمام رقبہ کا معاوضہ بھی حکومت آزاد کشمیر نے ادا کردیا ہے اب محض سیاسی بنیادوں پر اپنے خاص لوگوں کو نوازنے کیلئے مزید رقبہ ایوارڈ کیا جارہا ہے جس سے آزاد حکومت کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگا۔

اس نسبت حکومت پاکستان ، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام نوٹس لیں ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اپنے میرٹ اور گڈ گورننس کے دعوے کو عملی جامہ پہنائیں ۔ قومی خزانے کو شیر مادر کی طرح لوٹنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے