بھارت، لڑکی سے چھیڑخانی پرفرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے، 15 گاڑیاں نذرِ آتش، 3افراد زخمی

آنسو گیس اور شیلنگ کا استعمال، حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری تعینات

بدھ 18 اپریل 2018 18:28

احمد آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2018ء) بھارتی ریاست گجرات میں لڑکی سے چھیڑخانی پرفرقہ وارانہ تصادم میں 15 گاڑیاں نذرِ آتش اور 3افراد زخمی ہو گئے، پولیس نے آنسو گیس اور شیلنگ سے حالات پر قابو پایا، حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بڑی تعداد تعینات کر دی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کے شہر احمد آباد کے امباواڈی علاقے میں لڑکی سے چھیڑخانی کے بعد دو فریقوں میں تصادم کے دوران 15 گاڑیاں نذرِ آتش اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

اطلاع کے مطابق امباواڈی علاقے کے ہاسٹل میں 2 فرقوں کے طلبہ مقیم ہیں۔ گذشتہ روز ایک لڑکے نے لڑکی سے چھیڑخانی کی جس پردونوں فریقوں میں بحث و تکرار شروع ہوگئی اور بات بڑھ کرفرقہ وارانہ تصادم کی شکل اختیار کرگئی۔ہنگامہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پرپہنچ کرحالات کو کنٹرول میں کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

ہنگامہ قابو سے باہر ہوتا دیکھ کرپولیس نے آنسوگیس کے گولے داغے جس پر شرپسند عناصر نے علاقے میں کھڑی تقریبا15گاڑیوں میں آگ لگا دی اورپولیس پر پتھرائو شروع کردیا۔

آتشزدگی کی اطلاع کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابوپانے میں کامیابی حاصل کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق حالات کشیدہ مگر قابومیں ہیں۔ پورے علاقے میں پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا اورکثیر تعداد میں پولیس دستے تعینات کردیئے گئے۔