بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے ملک کے 16 اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت دوبارہ سروے کے دوران 3.8 ملین گھرانوں کو رجسٹرڈ کیا

بدھ 18 اپریل 2018 19:36

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے ملک کے 16 اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت دوبارہ سروے کے دوران 3.8 ملین گھرانوں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ یہ سروے جون 2016ء میں ہری پور سے شروع کیا گیا جس میں 16 اضلاع کو شامل کیا گیا۔ ان 16 اضلاع میں ہری پور، بہاولپور، نصیر آباد، سکھر، میرپور، چارسدہ، لکی مروت، چکوال، لیہ، فیصل آباد، جیکب آباد، ٹھٹھہ، گلگت، قلعہ سیف الله، کیچ اور مہمند ایجنسی شامل ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ٹیموں نے گھر گھر سروے کا عمل مکمل کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس پراجیکٹ کو سی اے بی آئی کے تحت مکمل کیا گیا ہے تاکہ غلطیوں کو کم سے کم کیا جا سکے۔ بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام کے تحت 5.4 ملین استفادہ کرنے والوں کو شامل کیا گیا ہے جس میں پنجاب سے 2.057 ملین، سندھ سے 1.94 ملین، خیبرپختونخوا سے 1.16 ملین اور بلوچستان سے 0.24 ملین مستحقین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں 420 دفاتر قائم کئے گئے ہیں جس میں 2 ہزار سے زائد لوگ کام کر رہے ہیں۔ بی آئی ایس پی کا سالانہ بجٹ 121 ارب روپے ہے۔ اس پروگرام کو ورلڈ بینک، ڈی ایف آئی ڈی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت حاصل ہے۔ ایشیاء اور افریقہ کے کئی ترقی پذیر ممالک نے بھی اس پروگرام کے ماڈل میں دلچسپی ظالر کی ہے۔