شہر کی صفائی و خوبصورتی بحال کرنے میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو اپناکردار ادا کرناچاہئیے ،اسسٹنٹ کمشنر

بدھ 18 اپریل 2018 19:36

مستونگ ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ دادخان مندوخیل کے زیرصدارت میونسپل کمیٹی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بازار سے گوشت فروشوں کے دکانوں کو 2 دن کے اندر نئے تعمیر شدہ گوشت مارکیٹ منتقل کرنے کافیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی حفیظ اللہ برڑو نے گوشت مارکیٹ میں قصائیوں کو دکانوں کی چابیاں تقسیم کی اورکل سے مارکیٹ میں گوشت کی فروخت شروع کی جائیگی جبکہ مستونگ بازار میں مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کو سبزی مارکیٹ میں دکانیں الاٹ کر دی گئی اور دو دن میں بازار سے چکن مارکیٹ شفٹ ہونے کا حکم جاری کردیا۔

اور آخری الٹی میٹم ختم ہونے کے بعد جو دکاندار مارکیٹ شفٹ نہیں ہونگے توانکی دکانیں سیل کر دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کیپٹن ( ر ) جمعہ دادخان مندوخیل نے کہا کہ شہر کی صفائی و خوبصورتی بحال کرنے میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو اپناکردار ادا کرناچاہئیے کیونکہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور ہم سب ملکر مستونگ شہر کوصاف ستھرہ رکھنے کی کوشش کرے تاکہ مستونگ کے شہریوں کو ایک بہتر ماحول فراہم کیاجاسکے۔

اجلاس میں میونسپل کمیٹی کے حکام صدر بازار یونین میر محمد حسین محمد شہی اور قصائیوں سبزی و فروٹ فروشوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور انہوں نے مارکیٹ کی کامیابی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہاکہ گوشت مارکیٹ کو ہر صورت میں کامیاب بنائیں گے مارکیٹ میں تمام سہولیات فراہم کی جائیگی تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر ہو سکیں اس اقدام سے بازار میں صفائی اور ٹریفک کے مسائل سے چٹکارا مل جائیگا۔انھوں نے کہاکہ یہ فیصلہ بہترعوامی مفاد میں کیاگیا اور عوام کوسہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :