فیصل آباد، سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاریوںکی فوری گرفتاریوں کیلئے اقدامات کی ہدایت

جمعرات اپریل 14:58

فیصل آباد۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل2018ء) ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ نے سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاریوں کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی ہے اور سٹی پولیس آفیسر ، ایس ایس پی آپریشنز ، ڈی پی اوز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ، تمام ٹائون ایس پیز ، تمام سرکل ڈی ایس پیز اور فیصل آباد ڈویژن کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز سے کہا ہے کہ وہ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے سخت لائحہ عمل اختیار کریں اور انفارمر سسٹم کو بھی فوری فعال بنایا جائے تاکہ ان اشتہاریوں کی گرفتاری یقینی و ممکن ہو سکے، ریجنل پولیس فیصل آباد کے ذرائع نے بتا یا کہ آر پی او فیصل آباد کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ اس وقت فیصل آباد پولیس کو اے کیٹیگری کے حامل سنگین مقدمات میں مطلوب سینکڑوں اشتہاری ملزمان سمیت بی کیٹیگری اور سی کیٹیگری کے ہزاروں ملزمان کی گرفتاریاں مطلوب ہیں جن میں بعض عدالتی مفروران بھی شامل ہیں ،انہوںنے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے ، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور ہر قسم کی وار داتوں کے خاتمہ کیلئے اشتہاری ملزمان کی گرفتاریاں اشد ضروری ہیں، آئندہ اس ضمن میں بھر پور باز پرس بھی کی جائے گی، اشتہاری ملزمان کسی رعائت کے مستحق نہیں نیز اگر کسی جگہ پر یہ بات مشاہدے میں آئی کہ پولیس افسران یا ماتحت اہلکاروں کی جانب سے کسی اشتہاری یا جرائم پیشہ شخص کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے تو ان کے ساتھ بھی کوئی رعائت نہیں برتی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :