ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں ،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 19 اپریل 2018 16:50

مظفرگڑھ۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) ضلع مظفرگڑھ دو دریائوں سندھ اور چناب کے درمیان واقع ہے جس کی وجہ سے ضلع کو ہر سال سیلاب کا خطرہ لاحق رہتا ہے لہذا ضروری ہے کہ سیلاب سے قبل اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر لئے جائیں تاکہ متوقع نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے، یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد سیف انو ر نے پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے وئیر ہائوس کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ عموماً ضلع کو ماہ جولائی سے ستمبر تک سیلاب کے خطرات رہتے ہیں اس لئے ابھی سے اس سے نمٹنے کیلئے ضروری مشینری ، آلات و یگر ضروری سامان کو تیار کرلیا جائے ، انہوں نے محکمہ ریونیو، میونسپل کمیٹی اور ریسکیو1122کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی زیر استعمال اور ملکیت مشینری جن میں کشتیاں، پمپ، ڈی واٹرنگ سیٹ، انجن ، جنریٹر، ٹریکٹر ٹرالی اور دیگر کام کرنے والی مشینری اور آلات کی مرمت کرالیں اور چالو حالت میں رکھیں تاکہ وقت پر کسی پریشانی کی سامنا نہ کرنا پڑے، ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ریلیف کی اشیاء جن میں کیمپ، ٹینٹ، کمبل، راشن سمیت دیگر ضروری اشیاء کی فہرست مرتب کی جائے تاکہ ضرورت کے مطابق مزید اشیا کی خریداری کیلئے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :