امریکی کانگریس سے ایٹمی معاہدے کی حمایت کا مطالبہ

جمعہ 20 اپریل 2018 10:00

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے تقریبا 5 سو پارلیمانی اراکین نے امریکی کانگریس کے نام اپنے کھلے خط میں ایٹمی معاہدے کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق مئی میں ایٹمی معاہدے سے باہر نکلنے کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے ممکنہ فیصلے پر مبنی خبروں کے بعد یورپ کے ان تینوں ملکوں کے لگ بھگ5 سو پارلیمانی اراکین نے امریکی کانگریس کے اراکین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کا تحفظ کئے جانے میں مدد کریں۔

(جاری ہے)

ادھر امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین باب کورکر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ مئی میں ایٹمی معاہدے سے باہر نکلنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ان آخری دنوں میں یورپی رہنماؤں کی کوشش ہی ٹرمپ کے فیصلے میں تبدیلی کا باعث بن سکتی ہے۔امریکہ کے ساتھ ساتھ برطانیہ، فرانس اور جرمنی ایران کی میزائل توانائی کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر کے امریکہ کو ایٹمی معاہدے میں باقی رکھنے کے بہانے ایران کے میزائل پروگرام کے خلاف پابندیاں عائد کئے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔