بشارالاسدکے مزید کیمیائی حملہ کرنے کا کوئی عندیہ نہیںہے،امریکی اہلکار

جمعہ 20 اپریل 2018 11:10

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے روز امریکا، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے کئے گئے میزائل حملوں کے بعد ایسا کوئی عندیہ نہیں کہ شامی فوج کیمیائی ہتھیاروں کا کوئی مزید حملہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ تاہم، امریکا اور اٴْس کے اتحادی چوکنا ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق پینٹاگان کی خاتون ترجمان، دانا وائٹ نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا کہ شامی صدر بشار الاسد کو معلوم ہونا چاہیئے کہ دنیا کسی طور پر بھی کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو برداشت نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ میزائل حملوں کے بعد فوری طور پر روس نے دروغ گوئی کی مہم چلا رکھی ہے، تاکہ شک و شبہات پیدا کئے جائیں اور یوں اٴْس کی سازباز پر پردہ ڈالا جا سکے۔ترجمان نے کہا کہ روس نے غلط طور پر دعویٰ کیا ہے کہ شام کی فضائیہ نے کافی میزائل مار گرائے، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ تمام میزائل ٹھیک ٹھیک نشانے پر لگے۔