شامی حکومت کی داعش کو دمشق کے نواح سے انخلا کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت

انخلاء نہ کیا تو اتحادی فورسز اجنگجوئوں کی علاقے میں موجودگی کے خاتمے کے لیے فوجی کارروائی کو تیار ہیں،شامی کمانڈر

جمعہ 20 اپریل 2018 11:58

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) شامی حکومت نے دارالحکومت دمشق کے نواح میں واقع علاقے سے داعش کے جنگجوؤں کو انخلا کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دے دی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق داعش کے جنگجو انخلا سے انکار کرتے ہیں تو پھر شامی فوج اور اس کی اتحادی فورسز اس تنظیم کی علاقے میں موجودگی کے خاتمے کے لیے فوجی کارروائی کو تیار ہیں۔

داعش کے جہادیوں کا دمشق کے جنوب میں واقع علاقے الحجر الاسود اور فلسطینی مہاجرین کے کیمپ یرموک کے آس پاس کے علاقے پر کنٹرول ہے۔رقبے کے اعتبار سے یہ مشرقی الغوطہ کے مقابلے میں بہت چھوٹا علاقہ ہے۔ شامی فوج اور اس کے اتحادیوں نے حال ہی میں مشرقی الغوطہ کے شہروں اور قصبوں سے باغی جنگجوؤں کو طاقت کے وحشیانہ استعمال اور مذاکرات کی پالیسی کے ذریعے نکال باہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

شامی حکومت کے حامی علاقائی فوجی اتحاد کے ایک کمانڈر نے کہا کہ شامی فوج نے منگل کو جہادیوں کے زیر قبضے اس علاقے پر گولہ باری کا آغاز کردیا تھا۔یرموک کیمپ دمشق سے آٹھ کلومیٹر دور واقع ہے اور یہ شام میں مارچ 2011ء میں صدر بشارالاسد کے خلاف عوامی احتجاجی تحریک کے آغاز سے قبل فلسطینی مہاجرین کا سب سے بڑا کیمپ تھا۔اس کے بعد سے بڑی تعداد میں فلسطینی مہاجرین وہاں سے بیرون ملک یا دوسرے علاقوں کی جانب جاچکے ہیں۔تاہم اقوام متحد ہ کے مطابق یرموک کیمپ میں اب بھی ہزاروں فلسطینی رہ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :