کپتان ہوتا تو فواد عالم کو ٹیم میں ضرور شامل کرتا ، سابق پاکستانی کپتان کا دعوی

جمعہ 20 اپریل 2018 11:56

کپتان ہوتا تو فواد عالم کو ٹیم میں ضرور شامل کرتا ، سابق پاکستانی کپتان ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20اپریل 2018ء) پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین بلے باز اور سابق یونس خان کا کہنا ہے اگر میں کپتان ہوتا تو فواد عالم کو ٹیم میں ضرور شامل کرتا، افسوس کی بات ہے کہ مسلسل کارکردگی دکھانے والے فواد عالم کو موقع نہیں مل رہا۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو کے دوران یونس خان نے کہا کہ فواد عالم اس معاملے میں بڑے بدقسمت ہیں کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود انہیں موقع نہیں دیا جارہا،2016ءمیں جب مصباح الحق کی قیادت میں ہم انگلینڈ گئے تو تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود سیریز کے نتائج کو اپنے حق میں نہیں کر سکے تھے،اب سرفراز احمد کی قیادت میں اعلان کردہ 16 ارکان پرمشتمل ٹیم زیادہ تر نوجوانوں اور کم تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جسے انگلینڈ ہی نہیں آئرلینڈ کے سرد موسم میں بھی مشکل صورت حال کا سامنا کر نا پڑسکتا ہے۔

یونس خان نے مزید کہا کہ آج کل یہ سوچ شدت سے پیدا ہو چکی ہے کہ نئے کھلاڑیوں کی جانب دیکھو اور پرانے کھلاڑیوں کی اہلیت پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں حالانکہ یہ سب جانتے ہیں کہ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا۔