وفاقی حکومت قبائلی علاقہ جات کے عارضی بے گھر افراد میں مکانات کے معاوضہ جات کی مد میں 12 ارب2 کروڑ77 لاکھ روپے تقسیم کر چکی ہے ، شکیل انجم

جمعہ 20 اپریل 2018 12:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) وفاقی حکومت کی جانب سے قبائلی علاقہ جات کے عارضی طورپر بے گھر افراد میں مکانات کے معاوضہ جات کی مد میں 12 ارب2 کروڑ77 لاکھ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ اس حوالے سے کئے جانے والے سروے میں 76ہزار متاثرہ مکانات کی تصدیق کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو فاٹا کی تعمیر نو و بحالی کے پروگرام منیجر شکیل انجم نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے قبائلی علاقہ جات کے بے گھر افراد میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں متاثر ہونے والے مکانات کے معاوضہ جات کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک تباہ ہونے والی37 ہزار سے زائد مکانات کا معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے جو 12 ارب 2کروڑ 77 لاکھ روپے ہے۔

انہوں نے کہاکہ فاٹا میں آپریشن ضرب عضب سے متاثرہ علاقوں میں مکانات کے سروے کا عمل بھی جاری ہے اور سروے ٹیموں نے اب تک 76 ہزار متاثرہ گھروں کی تصدیق کی ہے۔ شکیل انجم نے کہاکہ 39 ہزار مکانات کے معاوضہ جات کی ادائیگی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مکمل طورپر تباہ ہونے والے گھر کا معاوضہ 4 لاکھ روپے جبکہ جزوی طورپر متاثر ہونے والے گھر کا معاوضہ ایک لاکھ 60ہزار روپے ادا کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :