ایران کے شاپنگ مال رقص کی اجازت دینے پر سرکاری اہلکار گرفتار

مردوزن کے اکٹھے ڈانس کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل،تمام ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی،عدالتی حکام

جمعہ 20 اپریل 2018 12:22

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) ایران کے ایک شاپنگ مال میں لوگوں کے رقص کرنے پر اسلامی قوانین پر رہنمائی کے ادارے کے سربراہ کو گرفتار کر لیا گیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی شہر مشہد کے ایک شاپنگ مال میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ کے دوران مردوں اور خواتین کی ایک گلوکار کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری کی گئی۔

(جاری ہے)

ایک عدالتی اہلکار کا کہناتھا کہ اسلامی اخلاقیات کی رہنمائی کے محکمے نے شاپنگ سینٹر میں ایونٹ کی اجازت دے کر سماجی اصولوں کی خلاف ورزی کی۔ڈپٹی پراسیکیوٹر حسین حیدری نے بتایاکہ اسلامی رہنمائی کے محکمے کے سربراہ کوعوامی مقامات پر شائستگی کو نقصان پہنچانے اور قوانین کا احترام نہ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ویڈیو نے ہمارے شہریوں کو ناراض کر دیااور تمام ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :