مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو مقدمات بنا کر سیاست سے دور کرنے والوں کو مایوسی ہو گی، مرتضیٰ جاوید عباسی

جمعہ اپریل 12:32

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو مقدمات بنا کر سیاست سے دور کرنے والوں کو مایوسی ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2018ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو مقدمات بنا کر سیاست سے دور کرنے والوں کو مایوسی ہو گی، عوام نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں، 2018ء کے انتخابات میں ان کی جماعت بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ جمعہ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ جو قوتیں سیاست کے میدان میں مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کا مقابلہ نہیں کر سکتیں وہ عدالتوں میں بے بنیاد مقدمات درج کروا کر مسلم لیگی قیادت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) متحد ہے اور آنے والے انتخابات میں نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں کامیابی حاصل کر کے حکومت سازی کرے گی اور پاکستان مخالف قوتوں کے عزائم خاک میں ملا کر پاکستان کی ترقی کا سفر شروع کرے گی۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ جتنے قومی ترقی کے منصوبے موجودہ دور میں بنے گذشتہ 70 سالوں میں نہیں بنے، ایکسپریس وے، سی پیک اور توانائی کے منصوبے پاکستان کی آنے والی نسلوں کیلئے نواز شریف کے تحفے ہیں، حویلیاں میں 32 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے حویلیاں گرڈ سٹیشن سے بجلی کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گا۔