ایبٹ آباد پولیس نے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری

جمعہ 20 اپریل 2018 12:33

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) ایبٹ آباد پولیس نے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی جانب سے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی ایس پی میرپور سرکل امجد حسین کے مطابق مقتول کانسٹیبل مظہر خان کے چچا زاد بھائی حمزہ کی لڑکی سے دوستی اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے تنازعہ پر دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجہ میں پولیس اہلکار جاں بحق ہوا۔

مقامی لوگوں کی نشاندہی کے بعد کاغان کالونی کے رہائشی لقمان عرف لکی، سپلائی کے رہائشی احتشام شاہ، جاوید شہید روڈ کے رہائشی ولید کے خلاف قتل، اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کانسٹیبل مظہر کے قتل کیس کے اہم ملزم ولید کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر کے اس کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حراست میں ولید نے صحافیوں کو بتایاکہ پولیس کانسٹیبل مظہر نے ہمیں جدون پلازہ میں تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ہمیں لقمان عرف لکی کے گھر لے گیا جہاں ان لوگوں نے گھر پر فائرنگ کی اور اپنی ہی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ لڑکی کی تصویر کے حوالہ سے ولید کا کہنا تھاکہ وہ لڑکی اس کی گرل فرینڈ ہے اور یہ تصویریں ڈیڑھ سال پرانی ہیں۔ حمزہ اسے اور لڑکی کو بلیک میل کر رہا تھا۔