جرمنی کاشمالی افریقہ اورمشرق وسطیٰ کے مزید دس ہزار مہاجرین قبول کرنے کا اعلان

جرمن حکومت ایک بار پھر بین الاقوامی یک جہتی کے لیے سب سے آگے ہے،یورپی کمشنر ادارہ برائے مہاجرت

جمعہ 20 اپریل 2018 13:10

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) یورپی یونین کے ایک پروگرام کے تحت جرمنی ،شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے مزید دس ہزار تارکین وطن کو اپنے ہاں قبول کرے گا۔ یورپی یونین میں تارکین وطن کو پناہ دینے کے اعتبار سے جرمنی سرفہرست ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن حکومت نے یورپی یونین کے کمشنر برائے مہاجرت دیمیتریس آوراموپولوس کے ساتھ ایک منصوبے پر اتفاق کر لیا، جس کے تحت مزید ہزاروں تارکین وطن کو جرمنی میں آباد کیا جائے گا۔

دیگر یورپی ممالک نے بھی اس منصوبے کے تحت قریب چالیس ہزار تارکین وطن کو پناہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یورپی کمشنر برائے مہاجرت آوراموپولوس نے کہاکہ جرمن حکومت ایک بار پھر بین الاقوامی یک جہتی کے لیے سب سے آگے ہے۔آوراموپولوس نے جرمنی سے اپیل کی کہ وہ مہاجرین کے بحران کے دنوں میں اپنی بیرونی سرحدوں پر دوبارہ نافذ کردہ جانچ پڑتال کے نظام کو اب ختم کر دے۔