امریکی صدر ٹرمپ کے مشیر اور روسی سفیر کے درمیان ملاقات

جمعہ اپریل 15:01

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2018ء) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے واشنگٹن میں روسی سفیر اناطولی انتونوف سے ملاقات کی ہے۔ حالیہ تنائو کے بعد اعلی سطح کے دونوں عہدے داران کے درمیان یہ اپنی نوعیت کی پہلی ملاقات ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں امریکا اور روس کے درمیان تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

جان بولٹن کے مطابق امریکا اور روسکے مفاد میں ہے کہ دونوں کے درمیان بہتر تعلقات ہوں تاہم یہ امر اس بات کا متقاضی ہے کہ متعدد امور کے حوالے سے امریکی تشویش کے ساتھ نمٹا جائے۔ ان میں 2016ء میں امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت اور برطانیہ میں کیمیائی ہتھیار (روسی ایجنٹ سکریپل کو زہر دیے جانے کی کارروائی) کے استعمال کے علاوہ یوکرین اور شام کی صورت حال شامل ہے۔اس سے قبل روسی نیوز ایجنسی نے واشنگٹن میں روسی سفیر کے حوالے سے بتایا تھا کہ روس اور امریکا کو دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد کی خاطر بین الاقوامی امن کے حوالے سے کام کرنے میں ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔