چونیاں ، پتوکی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ عروج پر،

لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8گھنٹے سے تجاوز کر گیا وزیر اعظم سے پتوکی میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کر دیا گیا

جمعہ 20 اپریل 2018 15:50

چونیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) حکومتی دعوے ٹھس پتوکی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ عروج پر۔پتوکی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔تفصیلا ت کے مطابق پتوکی شہر اور گردونواح میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے چھوٹے کاروباری یونٹ بند مزدور بے روزگار ہونے لگے۔

لوگوں کی بہت بڑی تعداد کا کہنا تھا کہ گرمی کی آمد کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں ہوشربااضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے چھوٹے بچے اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت کے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے صرف اور صرف اخبارات اور ٹی وی چینلزتک ہی محدود ہیں جس کی وجہ سے لوگ سخت پریشان ہیں۔تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

جو کہ عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے۔

مرکزی انجمن تاجران پتوکی کے صدر رانا ممتاز علی خاں اور سرپرست اعلیٰ حاجی ارشد گولڈن ،شہر بچاؤ تحریک کے وائس چیرمین میاں جاوید اقبال ، سول سوسائٹی نیٹ ورک برائے انسدااد منشیات ضلع قصور کے کوارڈنیٹر ملک محمد اکمل ، مرکزی انجمن تاجران پتوکی کے نائب صدر حاجی محمد اسلم اور ہیومن رائٹس کمیٹی تحصیل پتوکی کے صدرندیم رضا خاں ایڈووکیٹ اور عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعظم سے پتوکی میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔