نیب کا سیکرٹری بلدیات سندھ رمضان سولنگی کے گھر چھاپہ‘

سیف میں محفوظ غیر قانونی اثاثہ جات کو قبضہ میں لے لیا تین کروڑ 15 لاکھ مالیت کی نقد ملکی وغیر ملکی کرنسی‘ 18 لاکھ 43 ہزار کے پرائز بانڈ‘ 100 تولے سونے کی سلاخیں‘ زیورات‘ قیمتی گھڑیاں اور دوسرا قیمتی سازوسامان برآمد

جمعہ 20 اپریل 2018 16:23

نیب کا سیکرٹری بلدیات سندھ رمضان سولنگی کے گھر چھاپہ‘
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) نیب کراچی نے سیکرٹری محکمہ بلدیات حکومت سندھ رمضان سولنگی کے گھر پر چھاپہ مار کر سیف میں محفوظ غیر قانونی اثاثہ جات کو قبضہ میں لے لیا۔نیب کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم کے گھر سے تین کروڑ 15 لاکھ مالیت کی نقد ملکی وغیر ملکی کرنسی، 18 لاکھ 43 ہزار کے پرائز بانڈ، 100 تولے سونے کی سلاخیں، زیورات، قیمتی گھڑیاں اور دوسرا قیمتی سازوسامان برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم کو گذشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا اور جمعرات کو اسے احتساب عدالت کراچی میں پیش کیا گیا، عدالت نے اسے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالہ کر دیا۔یاد رہے کہ مئی 2016 ء میں بلوچستان کے معطل سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر سے 65کروڑ 18 لاکھ روپے سے زائد رقم بر آمد کی گئی تھی۔پیسہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل ہونا تھا، ایک ارب پچیس کروڑ روپے میں سے زیادہ تررقم مچھ اورمنگوچرکے دوحلقوں میں تقسیم کی جارہی تھی۔ ان کے گھر سے 5کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد کے پرائز بانڈز بھی برآمد کیے گئے تھے۔