ٹرمپ کے مشیر اور روسی سفیر کے درمیان پہلی ملاقات،

دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال واشنگٹن اور ماسکو کے مفاد میں ہے کہ دونوں کے بیچ بہتر تعلقات ہوں تاہم یہ امر اس بات کا متقاضی ہے کہ متعدد امور کے حوالے سے امریکی تشویش کے ساتھ نمٹا جائے،جون بولٹن

جمعہ اپریل 16:42

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2018ء) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن نے واشنگٹن میں روسی سفیر اناطولی انتونوف سے ملاقات کی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وہائٹ ہائوس نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن نے واشنگٹن میں روسی سفیر اناطولی انتونوف سے ملاقات کی ہے۔ اعلی سطح کے دونوں عہدے داران کے درمیان یہ اپنی نوعیت کی پہلی ملاقات ہے۔

وہائٹ ہاس میں ہونے والی ملاقات میں امریکا اور روس کے درمیان تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

جون بولٹن کے مطابق واشنگٹن اور ماسکو کے مفاد میں ہے کہ دونوں کے بیچ بہتر تعلقات ہوں تاہم یہ امر اس بات کا متقاضی ہے کہ متعدد امور کے حوالے سے امریکی تشویش کے ساتھ نمٹا جائے۔ ان میں 2016 میں امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت اور برطانیہ میں کیمیائی ہتھیار (روسی ایجنٹ اسکریپل کو زہر دیے جانے کی کارروائی) کے استعمال کے علاوہ یوکرین اور شام کی صورت حال شامل ہے۔اس سے قبل روسی نیوز ایجنسی "اسپٹنک" نے واشنگٹن میں ماسکو کے سفیر کے حوالے سے بتایا تھا کہ روس اور امریکا کو دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد کی خاطر بین الاقوامی امن کے حوالے سے کام کرنے میں ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔