سندھ اولمپک سائیکلنگ چیمپیئن ریس (کل) ہو گی

جمعہ 20 اپریل 2018 16:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) سندھ اولمپک سائیکلنگ چیمپیئن شپ ریس (کل) اتوار کو صبح 7 بجے مزار قائد کے وی وی آئی پی گیٹ سے شروع ہو گی۔ سندھ اولمپک سائیکلنگ چیمپیئن 2018ء کے مقابلے کیلئے سندھ کے 6 ڈویژن کے 36 تیز رفتار ترین سائیکلسٹ ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ اور جنرل سیکریٹری و چیف آرگنائزر ملک کلیم احمد اعوان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائیکل ریس مزار قائد سے شروع ہوکر شاہراہ قائدین، شاہراہ فیصل، نرسری، عوامی مرکز، کارساز، ڈرگ روڈ، ملیر، لانڈھی، رزاق آباد اور نیشنل ہائی وے سے ہوتی ہوئی اسٹیل ٹاؤن جائے گی اور پھر اسی راستے سے واپس ہوتی ہوئی مزار قائد کے نمائش چورنگی والے گیٹ کے سامنے اور انڈر بائی پاس کے قریب ختم ہوگی۔

(جاری ہے)

عابد علی ایڈووکیٹ فلیگ آف کرکے ریس کا آغاز کریں گے اور ریس کو کسی بھی قسم کی بدنظمی سے بچانے اور شفاف نتائج کے لئے ریس کے ساتھ ساتھ چلیں گے اور آخر میں پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں کو گولڈ، سلور اور براؤن میڈل بھی پہنائیں گے۔ دریں اثناء قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات مکمل کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :