کراچی ،نصرت بھٹوکالونی میں ناجائز کنکشن، علاقہ مکینوں کا واٹربورڈ کے خلاف احتجاج

جمعہ اپریل 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2018ء) نصرت بھٹوکالونی کے مکین واٹربورڈ کے خلاف سراپااحتجاج بن گئے، غیرقانونی کنکشن پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔اس موقع پر مظاہرین کا کہناتھاکہ کشمیر ہوٹل کے سامنے یوٹیلٹی اسٹورکے برابروالی گلی میں پانی مافیانے 33انچ کی پانی کی لائن میں سے 6انچ کا غیرقانونی کنکشن کیاہے جس کی اطلاع WTMکے انجینئر آصف قادری کو دی گئی لیکن انہوں نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔

دوسری جانب علاقہ مکین پہلے ہی پانی کی عدم دستیابی اور کم پریشر کے باعث پریشانی کے شکارہیں،،پانی مافیانے غیرقانونی کنکشن لگاکر علاقہ عوام کومزید پریشانی میں مبتلاکردیاہے۔انہوں نے کہاکہ علاقے میں چارچاردن بعد چند گھنٹوں کے لئے پانی آتاہے ،جو پہلے ہی ہماری ضرورت سے کم ہے اس پر پانی مافیانے واٹربورڈ عملے کی ملی بھگت سے غیرقانونی اور ناجائز کنکشن دے دیاہے جس کی وجہ سے پانی کی مقدارپہلے سے مزید کم ہوگئی جبکہ پریشربھی مزید کم ہوگیاہے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے کہاکہ نصرت بھٹوکالونی میں پانی کا بحران شدت اختیارکرتاجارہاہے جس سے علاقہ عوام میں شدیدغم وغصہ پھیل رہاہے۔انہوں نے بتایاکہ پانی مافیاعلاقے کے تقریباً300گھروں کو 6انچ کنکشن ہزاروں روپے میں فروخت کررہاہے جس سے ایک خطیر رقم جمع ہوتی ہے جو متعلقہ افسران کو بھی جاتی ہے کیونکہ ان کی ملی بھگت کے بغیر یہ دھندہ باالکل نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہاکہ اگر اس اقدام کونہیں روکاگیاتو آئندہ ہر شخص اسی طرح کے کنکشن کرکے کاروبارشروع کردے گااور علاقے میں لاقانونیت کا راج قائم ہوجائے گالہٰذاحکومت فوری طورپر اس جانب توجہ دے اور پانی مافیاسمیت اس کاروبارمیں ملوث واٹربورڈ افسران اور عملے کے گردگھیراتنگ کرکے سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔مظاہرین کی قیادت مرزاخان، محمدسعیدانور،شیخ صاحب،شاہدمحمودبٹ،عبدالرحمان، مولانااحمدخان،رشید خان، آصف علی ودیگر کررہے تھے۔

متعلقہ عنوان :