جنوبی بحیرہ چین میں آسٹریلیا کے جنگی جہازوں کو چینی فوج کا سامنا

ہمارے بحری و ہوائی جہاز بشمول جنوبی بحیرہ چین دنیا بھر میں آزادانہ نقل و حرکت جاری رکھیں گے،آسٹریلوی وزارت دفاع

جمعہ 20 اپریل 2018 18:08

کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) آسٹریلیا کے دفاعی عہدیداروں نے کہاہے کہ رواں ماہ جنوبی بحیرہ چین کے متنازع سمندری علاقے میں آسٹریلیا کے جنگی جہازوں کو چینی فوج کا سامنا کرنا پڑا۔جرمن ریڈیو کے مطابق آسٹریلیا کے محکمہ دفاع نے تصدیق کی کہ حال ہی میں تین بحری جہازوں نے ویتنام کے ہوچی من شہر کی طرف سفر کیا تاہم انہوں نے جنوبی بحیرہ چین سے گزرتے ہوئے جہازوں کو درپیش آپریشنل صورت حال کی تفصیل بتانے سے گریز کیا۔

(جاری ہے)

محکمہ دفاع نے کہا کہ آسٹریلیا کی دفاعی فورس نے جنوبی بحیرہ چین اور اس کے ارد گرد کے ممالک کے ساتھ کئی دہائیوں سے بین الاقوامی رابطوں کا ایک مضبوط سلسلہ برقرار رکھا ہے۔ادھر آسٹریلیا کے وزیر اعظم میلکم ٹرنبل جو دولت مشترکہ کے ممالک کی سربراہی کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے لندن میں ہیں نے بھی آسٹریلیا کے جنگی جہاز اور چینی فوج کے درمیان ہونے والے معاملے کی تصدیق کرنے سے انکار کیا۔آسٹریلیا کے محکمہ دفاع نے کہا کہ جیسا کہ وہ کئی دہائیوں سے ایسا کرتے آرہے ہیں آسٹریلیا کے بحری جہاز اور ہوائی جہاز بین الاقوامی قانون کے تحت بشمول جنوبی بحیرہ چین میں اپنے آزادانہ نقل و حرکت کے حق کو استعمال کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :