نیویارک پولیس اکیڈمی میں پاکستانی پولیس کے 28 افسران نے کرائسز مینجمنٹ سے متعلق تربیتی پروگرام مکمل کر لیا

جمعہ 20 اپریل 2018 19:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستانی پولیس کے 28 افسران نے نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (این وائی پی ڈی) کے ساتھ بدنظمی سے نمٹنے اور کرائسز مینجمنٹ سے متعلق دو ہفتہ کا تربیتی پروگرام مکمل کر لیا۔ تربیتی پروگرام 9 اپریل سے شروع ہوا تھا۔ جمعہ کو امریکی سفارتخانہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق اس پروگرام کیلئے امریکی سفارتخانہ کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز سیکشن (آئی این ایل) نے مالی امداد فراہم کی تھی۔

(جاری ہے)

نیو یارک پولیس اکیڈمی میں تربیت کے دوران پاکستانی پولیس افسران کو احتجاجی مظاہروں اور بدنظمیوں سے مؤثر انداز میں نمٹنے سے متعلق تربیت دی گئی۔ ڈائریکٹر آئی این ایل گریگوری شیفر کا کہنا ہے کہ نیویارک پولیس اکیڈمی میں پاکستانی پولیس افسران کو ہجوم کو قابو میں رکھنے سے متعلق تربیت فراہم کی گئی ہے۔ تربیتی پروگرام میںفرنٹیئر کانسٹیبلری، اسلام آباد کیپٹل ٹیری ٹری پولیس، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز، کمانڈنٹ اور آپریشنل سطح کے پولیس افسران شامل تھے۔