محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر عابد نور کی جانب سے اپیکا یونٹ کے صدر تصور کو زخمی کئے جانے کے واقعہ کے خلاف احتجاج

جمعہ 20 اپریل 2018 19:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) ایبٹ روڈ پر واقع ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب اپیکا یونٹ کے سینکڑوں کارکنوں نے محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر عابد نور کی جانب سے اپیکا یونٹ کے صدر تصور کو زخمی کئے جانے کے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر عابد نور کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ عابد نور کو ان کے عہدے سے معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی جی پی آر عابد نور پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے اپیکا یونٹ کے صدر تصور پر حملہ کر کے پیپر کٹر کے ذریعے اس وقت زخمی کر دیا تھا جب عابد نور اور زخمی تصور کے درمیان ملازمین کو درپیش مسائل پر مذاکرات ہو رہے تھے کہ اس کے دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور جو شدت اختیار کر گئی، عابد نور نے اپنی ٹیبل پر پڑے ہوئے پیپر کٹر سے حملہ کر کے تصور کو زخمی کر دیا، اس واقعہ کے بعد تھانہ گڑھی شاہو پولیس موقع پر پہنچ گئی، جس نے ڈپٹی ڈائریکٹر عابد نور کو حراست میں لے لیا جبکہ اپیکا لاہور کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے تھانہ گڑھی شاہو کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے کر سڑک بند کر دی جبکہ رات گئے پولیس نے عابد نور کو رہا کر دیا، ڈپٹی ڈائریکٹر عابد نور کا کہنا ہے کہ اپیکا یونٹ کے صدر تصور نے دوران مذاکرات تلخ کلامی کے دوران خود کو پیپر کٹر سے زخمی کر کے الزام ان پر تھوپ دیا ہے۔