قوم عدلیہ اور فوج کے کردار سے مطمئن ہے : اے ٹی آئی پنجاب

جمعہ 20 اپریل 2018 20:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) انجمن طلباء اسلام صوبہ پنجاب کے ناظم رمیض حسن راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو خوددار اور خود مختار ملک بنانے کے لئے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے۔ امریکی غلامی سے نجات کے لئے خودداری اور خود انحصاری کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ عدالتی فعالیت کے لئے چیف جسٹس کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ موجودہ فراڈ جمہوریت صرف سرمایہ دار اور جاگیردار حکمران اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ کرتی ہے۔

(جاری ہے)

غریب عوام کو تعلیم، علاج اور سوشل سیکورٹی فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں حالانکہ عوام کو بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ناظم ضلع گوجرانوالہ سید حسنین نوری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔رمیض حسن راجہ نے کہا قوم کرپٹ مافیا کے گاڈ فادر کے لئے کوئی این آر او قبول نہیں کرے گی۔ فوج کی کردار کشی کرنا بھارت کو خوش کرنے کے مترادف ہے۔ امریکہ پاک فوج کو اپاہج بنانا چاہتا ہے۔ حکمرانوں کی سازشیں قوم کے دل سے فوج کی محبت ختم نہیں کر سکتیں۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کے پاکستان مخالف عزائم کے سامنے واحد رکاوٹ پاک فوج ہے۔