آزاد کشمیر کے موجودہ حکومت بڑے ترقیاتی بجٹ کے بروقت ، منصفانہ اور موثر استعمال کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے‘وزیر بحالیات

تیسری سہ ماہی کے اختتام تک 84 فیصد اخراجات کر کے دیگر صوبوں پر برتری حاصل کر لی گئی ہے۔ آزاد کشمیر حکومت کے محکموں کی استعداد کار بڑھانے سے ایسا ممکن ہواہے ‘ناصر حسین ڈار

جمعہ 20 اپریل 2018 20:26

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) آزاد حکومت کے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے موجودہ حکومت بڑے ترقیاتی بجٹ کے بروقت ، منصفانہ اور موثر استعمال کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ تیسری سہ ماہی کے اختتام تک 84 فیصد اخراجات کر کے دیگر صوبوں پر برتری حاصل کر لی گئی ہے۔

آزاد کشمیر حکومت کے محکموں کی استعداد کار بڑھانے سے ایسا ممکن ہواہے۔مسلم لیگ ن کی حکومت نے برسر اقتدار آکر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی خصوصی ہدایات پر افسران اور عملہ کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے جس پروگرام کا آغاز کیا تھا اس کے انتہائی دور رس نتائج مرتب ہوئے ہیں۔ وزیر بحالیات آزاد کشمیر ناصر حسین ڈار نے ملکی صنعت کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتایا ہے کہ ترقیاتی عمل کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے تواتر کی ضرورت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر ہمار ا ترقیاتی پروگرام اسی طرح جاری رہا تو آئیندہ تین سالوں میں آزاد خطہ میں تعمیر وترقی کا انقلاب آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ کے دوگناہ ہونے کے بعد اسکے بروقت اور درست استعمال کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔ ناصر حسین ڈار نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہوکر آزاد کشمیر ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے منصوبہ جات منظور کرنے کی استعداد 10کروڑ روپے مالیت سے بڑھا کر 40کروڑ روپے جبکہ آزاد کشمیر کابینہ ترقیاتی کمیٹی کی استعداد 40کروڑ روپے سے بڑھا کر ایک ارب روپے کر دیے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے سیاحت اور پن بجلی کے منصوبوں میں وافر مواقع موجود ہیں۔