برطانوی وزیراعظم مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں‘افضل خان

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ہے

جمعہ 20 اپریل 2018 20:26

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) برطانوی پارلیمینٹ کے رکن افضل خان نے مسئلہ کشمیر کو فلیش پوائنٹ قرار دیتے ہوے برطانوی وزیراعظم پر زور دیا ہے کہ وہ اس اہم مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔برطانوی دارالعوام میں وقفہ سوالات کے دوران انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمینٹ سے باہر مظاہرین کشمیر کے حوالے سے برطانیہ کا کردار چاہتے ہیں جسے تقسیم ہند کا بنیادی فریق ہونے کی وجہ سے اس پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔انہوں نے برطانوی وزیر اعظم کی توجہ اس اہم معاملے پر دلوائی۔بعد ازاں وہ بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف احتجاج کرنے والے کشمیری ،سکھ اور دلت کمیونٹی میں پہنچ گئے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف پرتشدد واقعات پر ہمیں سخت تشویش ہے جسے بند ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا بھارت نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کر رکھا ہے لہذا اس کو اس پر عمل کرنا چاہیے اور اقوام متحدہ کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔