تحریک آزادی جموں کشمیر کے عظیم رہنماغازی ملت راجہ حیدر خان کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

جمعہ 20 اپریل 2018 20:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) تحریک آزادی جموں کشمیر کے عظیم رہنما، بطل حریت، غازی ملت راجہ حیدر خان کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی، ریاستی دارالحکومت مظفرآبادمیں حیدر میموریل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دربار شاہ عنایت و احاطہ مسجد میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، چیئرمین زکوٰة کونسل صاحبزادہ سلیم چشتی نے دعا کروائی، قرآن خوانی و دعائیہ تقریب میں صدر حیدر میموریل راجہ ممتاز خان، مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر چوہدری منظور احمد، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور، سینئر صحافی سلیم پروانہ، راجہ انصر، چوہدری بشیر ، اعظم رسول ، ندیم زرگر، اعجاز زرگر، حیدر فاروق، عثمان فاروق،راجہ شاہد لطیف، حمیدالدین برکتی سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء نے دربار شاہ عنایت پر چادر چڑھائی اور راجہ حیدر خان کی قبر پر چادر چڑھائی اور دعا بھی کی۔ راجہ حیدر خان مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے حیدر میموریل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام میونسپل کارپوریشن ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں صدر ریاست سردار مسعود خان، قائم مقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق نے خطاب کر تے ہوئے کہا راجہ حیدر خان پاک با کردار،جرات مند انسان اور غریبوں کے دوست تھے ان کی مسئلہ کشمیر تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،جموں کشمیر کی عوام کا مشن نا مکمل ہے ان کی تکمیل کیلئے جدو جہد جاری رکھنا ہوگی، آزادی کا سفر جاری رکھیں گے، انہوں نے راجہ ممتاز خان ،راجہ اختر حسین خان کو خراج تحسین پیش کیا جو طویل عرصہ سے ذاتی طور پر برسی کی تقریب کا انعقاد کر کے مرحوم کے کارنامے اجاگر کر تے ہیں آزاد کشمیر کے قائمقام وزیر اعظم چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ راجہ حیدر خان مرحوم تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو تھے ،اس وقت ڈوگرہ کے خلاف آواز بلند کر نا آسان بات نہ تھی مرحوم قائد کی جدو جہد پر فخر ہے اور ان کے مشن کو جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ حیدر خان میموریل بڑی خدمات سر انجام دے رہی ہے جس سے مستقبل میں بھی نوجوان نسل رہنمائی حاصل کرے گی، آزاد کشمیر میں جمہوری حکومت قائم ہے جس نے اپنی ترجیحات کا تعین کر کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ،انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان حکومت کو بااختیار بنانے کی بات کر تے ہیں ان کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے ، حکومت کو بااختیار ہونا چاہیے، فاروق حیدر خان نے سیاسی جماعتوں کو ان کا جائز مقام دیا ہے راجہ حیدر خان کی جدو جہد کو سلام پیش کر تے ہیں، تقریب سے وزیرحکومت راجہ عبدالقیوم خان، ممبران اسمبلی چوہدری شہزاد، مصطفیٰ بشیر، چوہدری منظور احمد، شیخ عقیل الرحمان، راجہ عارف، راجہ اختر، راجہ حنیف ایڈووکیٹ، سیکرٹری حکومت راجہ عباس، راجہ انصر، احسن منظور، شیخ سراج منیر، راجہ شاہد لطیف، راجہ آفتاب، فرید خان، سردار وقار، مریم کشمیری، نصرت درانی، عظمیٰ شیریں، محمد اقبال عباسی ، راجہ میر زمان، مقبول الرحمان عباسی، میر محمد اشرف، راجہ ساجد، راجہ نور زمان، عبدالقیوم نیلم سمیت سیاسی ، سماجی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

قائم مقام وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری طارق فاروق نے راجہ حیدر خان مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حیدر میموریل ایسوسی ایشن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس تنظیم کیلئے پانچ لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر راجہ ممتاز خان نے کہا کہ چالیس سال سے بغیر کسی لالچ اور سرکاری فنڈز کے حیدرمیموریل کے زیر اہتمام برسی منا رہے ہیں۔ آج پہلی دفعہ کسی حکومت نے پانچ لاکھ کا اعلان کیا ہے جس پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مقررین نے اس موقع پر حیدر میموریل ایسوسی ایشن کے صدر سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی جو چالیس سال سے نشیب و فراز کے باوجود راجہ حیدر خان مرحوم کی برسی کی تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں یقینا یہ لائق تحسین ہے۔