قوم یکم جون کو نااہل حکومت سے نجات کا جشن منائے گی، صاحبزادہ حامد رضا

کرپٹ ٹولے کو سیاست بدر کرنے کا وقت آ گیا ہے، شفاف الیکشن کے لئے فوج کی نگرانی ضروری ہے،چیئرمین سنی اتحاد کونسل

جمعہ 20 اپریل 2018 22:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قوم یکم جون کو نااہل حکومت سے نجات کا جشن منائے گی۔ کرپٹ ٹولے کو سیاست بدر کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ کرپشن کے ناسور نے ہر ادارہ تباہ اور ملک کھوکھلا کر دیا ہے۔ شفاف الیکشن کے لئے فوج کی نگرانی ضروری ہے۔

احتساب عدالت کا فیصلہ بھی نواز شریف کے خلاف آئے گا۔ شریف خاندان اللہ کی پکڑ میں آ چکا ہے۔ ختم نبوت کے غدار اور مودی کے یار اب کبھی اقتدار میں نہیں آ سکیں گے۔ پاکستان کو نئے نظام اور نئی قیادت کی ضرورت ہے۔ نگران حکومت بنتے ہی ن لیگ تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ بن جائے گی۔ اب ملک میں حکمرانوں کا قانون نہیں قانون کی حکمرانی چلے گی۔

(جاری ہے)

کرپٹ مافیا کا گارڈ فادر عبرت کا نشان بن چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف علماء و مشائخ سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ سیاست میں کرپٹ مافیا کا غلبہ اور قبضہ ختم کر کے دم لیں گے۔ ہماری منزل کرپشن فری پاکستان ہے۔ سپریم کورٹ، نیب اور فوج قوم کی امیدوں کے مرکز بن گئے ہیں۔ آئندہ الیکشن میں سیٹ ایڈجسمنٹ کے لئے ن لیگ کے سوا تمام جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔

انتخابی اتحاد کا حتمی فیصلہ نظام مصطفے متحدہ محاذ کی قیادت کے ساتھ مشاورت سے کیا جائے گا۔ الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے لئے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اور امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کر لئے گئے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں کرسی اور کمیشن کی سیاست دفن ہو جائے گی۔ ن لیگ کی نااہل اور ناکام حکومت نے پانچ سالوں میں عوام کو کچھ نہیں دیا۔ ن لیگی امیدوار کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے۔ قوم انتخابی مہم کے دوران ن لیگی امیدواروں سے ختم نبوت سے غداری اور مودی سے یاری کا جواب مانگے گی۔ قوم فوج اور عدلیہ کی تضحیک اور تذلیل کرنے والوں کو ووٹ نہیں دے گی۔