پسرور، درجنوں اتائیوں کے کلینک سیل،قانونی کاروائی کا آغاز

جمعہ 20 اپریل 2018 23:20

پسرور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) سپریم کورٹ کے حالیہ حکم کے پیش نظر اتائیوں کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر پسرور عمر افتخار شیرازی اور محکمہ ہیلتھ کے افسران نے پسرور میں کئی جگہوں پر کاروائیاں کرتے ہوئے درجنوں اتائیوں کے کلینک کو سیل کرکے انکے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کردیا ہے جس کی وجہ سے کئی اتائی اپنے کلینک بند کرکے غائب ہو چکے ہیںاتائیوں کے خلاف کاروائیوں پر لوگوں میں ملا جلا ردعمل پایا جارہا ہے،لوگوں کا کہنا ہے شہر سے دوردراز کے دیہاتوں میں عوام کو بخار اور نزلہ زکام جیسی چھوٹی بیماریوں پر ان کلینکوں سے سستی ادویات فراہم تھی اب انکے خلاف کاروائیوں پر عوام کو دوردراز کے شہروں میں جانا پڑتا ہے کیونکہ دیہاتوں میں قائم بنیادی مرکز صحت صبح 8سے دوپہر 2بجے تک دستیاب ہوتے ہیں کئی بار بی ایچ یو میں ڈاکٹر دستیاب ناں ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

لوگوں کا کہنا تھا چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کی جانب سے دئیے گئے حکم پر اتائیوں کے خلاف کاروائیاں بہت اچھا اقدام ہیں،ہم چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری نوٹس لے کر دیہاتوں میں قائم بنیادی مراکز صحت کو چوبیس گھنٹے لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم صادر فرمائیں،تاکہ لوگوں کو دوردراز کے شہروں میں جانے کی پریشانی سے چھٹکارہ مل سکے۔