نواز شریف لندن سے براستہ قطر وطن واپس آئینگے ، دوحہ ایئر پورٹ پر قطری شہزادہ حماد بن جاسم سے اہم ملاقات متوقع

جمعہ 20 اپریل 2018 23:20

نواز شریف لندن سے براستہ قطر وطن واپس آئینگے ، دوحہ ایئر پورٹ پر قطری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ 22اپریل کو لندن سے وطن واپس آتے ہوئے شام چھ بجے قطر کے دوحہ ایئر پورٹ پر قطری شہزاد ة حماد بن جاسم سے اہم ملاقات کریں گے۔ جس میں نیب اور احتساب عدالت میں انکے حوالے سے زیر سماعت مقدمات اور قطری شہزادے کے خط پر تبادلہ خیال ہو گا۔

جبکہ اس حوالے سے قطری حکومت سے مدد کی درخواست بھی کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ احتساب عدالت سے نواز شریف کی عدالت سے استثنیٰ کی درخواست مسترد ہونے کے بعد وہ قطر ایئر ویز کے ذریعے لندن سے 22اپریل کو سہ پہر4بجے براستہ قطر پاکستان روانہ ہوں گے۔ قطر ایئر پورٹ پر 6بجے وہ پہنچیں گے جہاں قطری شہزادے سے ان کی ملاقات متوقع ہے۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف کے وکیل نے جمعہ کو احتساب عدالت میں 7دن کی انہیں عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا ہے اور انہیں اگلی پیشی پر حاضر ہونے کا کہا ہے جس پر نوازشریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔

میا نواز شریف 23 اپریل کی صبح اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کریں گے اور وہاں سے وہ سیدھے احتساب عدالت جائیں گے۔یاد رہے سابق وزیر اعظم اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کیلئے لندن گئے ہیں جنکا وہاں کینسر کا علاج چل رہا ہے ۔ ۔