حافظ آباد، سب کو مل جل کر نادار طلباء وطالبات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنا ہو گا،نسیم ارشد

جمعہ 20 اپریل 2018 23:15

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر حافظ آباد نسیم ارشد نے کہاہے کہ جہان پر حکومت پنجاب سرکاری سکولوں میں طلباء وطالبات کو تمام بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے دل کھول کر فنڈز فراہم کر رہی ہے وہیں پر درددل رکھنے والے صاحب ثروت افراد اور سماجی خدمت کے ادارے بھی غریب اور کم وسائل رکھنے والے طلبا ء وطالبات کی بھر پور مدد کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ خدمت خلق کے اس قابل ستائش جذبے کا اجر صرف اللہ ہی دے سکتاہے اور ہم سب کو مل جل کر ایسے نادار طلباء وطالبات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنا ہو گا تاکہ یہ بچے کسی پریشانی کے بغیر اپنی تعلیم مکمل کر سکیں اور مستقبل میں ملک کی تعمیروترقی کا فرض بخوبی نبھانے کے قابل ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ محنتی اساتذہ بھی خصوصی ستائش کے مستحق ہیں جو اپنے تدریسی فرائض پوری دل جمعی اور خلوص ادا کرتے ہوئے بہترین نتائج کا حصول ممکن بنارہے ہیں اور حکومتی پالیسی کے تحت ایسے اساتذہ کی بھر پور حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ ایم سی گرلز پرائمری سکول نمبر3قتل گڑھا چوک حافظ آباد میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈسٹرکٹ آفیسر سکینڈری ایجوکیشن عبدالوحید خان ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صدف خانم اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مرکز سٹی حافظ آباد زاہد باجوہ سمیت اساتذہ اور طالبات نے تقریب میں شرکت کی ۔تقریب کے انعقاد کا مقصد محنتی اور فرض شناس اساتذہ اور طالبات کی حوصلہ افزائی اور نادار طالبات کو مفت سکول بیگز،یونیفارم اور نوٹ بکس کی فراہمی تھی ۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طالبات کو تعلیم کے ساتھ تربیت بھی فراہم کریں تاکہ عملی زندگی میں وہ اپنا گھریلو اور معاشرتی کردار بخوبی نبھانے کے قابل ہوں انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ گریڈ 5اور گریڈ 8کے نتائج بھی حوصلہ افزا رہے ہیں اور بلا شبہ ان نتائج میں اساتذہ کی شبانہ روز محنت شامل ہے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور دیگر مہمانان نے سٹی مرکزحافظ آباد کے مختلف سکولوں میں زیر تعلیم 140طالبات میں مفت سکول بیگ ،یونیفارم اور نوٹ بکس تقسیم کرتے ہوئے اس کارخیر میں حصہ لینے والے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا تقریب میں گریڈ 5اور گریڈ 8میں بہترین تعلیمی نتائج دکھانے والی ہیڈ ٹیچر ز اساتذہ اور طالبات میں تعریفی سرٹیفکیٹ اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں ۔