حقیقت یہ ہے سینیٹ الیکشن میں پوری تحریک انصاف زرداری کے ہاتھوں بک گئی ہے، امیر مقام

ایم پی اے بابرسلیم مسلم لیگ ن کا ہے انہیں کس طرح نوٹس جاری کرسکتے ہیں،میڈیاسے گفتگو

جمعہ اپریل 23:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر اور وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے عمران خان کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر تے ہوئے کہاکہ ، حقیقت یہ ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پوری تحریک انصاف زرداری کے ہاتھوں بک گئی ہے،ایم پی اے بابرسلیم مسلم لیگ ن کا ہے انہیں کس طرح نوٹس جاری کرسکتے ہیں۔میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے آمیر مقام خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے دوسری پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کو کیسے شوکاز نوٹسز بھیج دیئے ۔

ہارس ٹریڈنگ کے الزامات سے لیگی ارکان اسمبلی کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ ایم پی اے بابر سلیم کا تعلق ن لیگ سے ہے ، عمران خان ان کو کیسے نوٹس دے سکتے ہیں ، انکاکہناتھاکہ عمران خان دوسروں کے اشاروں پر چل رہے ہیں انہیں پرویزخٹک نے جو نام لکھ کر دیئے، عمران خان نے وہ بول دیئے ، دراصل عمران خان نے علی امین کا شہد پی کر شوکاز نوٹسزجاری کئے،جس پر عمران خان کے خلاف عدالت سے رجوع کرکے عدالت کے کٹہرے میںلاکھڑاکردینگے۔

(جاری ہے)

امیر مقام نے کہا کہ ایوب آفریدی، خیال زمان اور فدا خان کو کن خدمات پر ٹکٹ دیاگیا ،کیونکہ سینیٹ ٹکٹ کیلئے ملاکنڈ سے فدا محمد خان کو لایاگیا ، ان لوگوں سے اربوں روپے لئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو چور ڈاکو پی ٹی آئی میں شامل ہوجاتے ہیں وہ صاف ہوجاتے ہیں ، جن کی زیادہ آف شور کمپنیاں ہیں وہ بھی پی ٹی آئی میں شامل ہیں۔