نومبر2019ء میں کراچی میں بین الاقوامی کلچر سمٹ منعقد ہوگی ، 80ممالک کے کلچر نمائندوں نے شرکت کرنے پر رضامند ظاہر کردی ، احمد شاہ

آرٹس کونسل کا تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے جو 2ماہ کی مختصر مدت میں مکمل کرلیا جائے گا، نئی عمارت کا افتتاح 29اپریل کو کیا جائیگا

جمعہ 20 اپریل 2018 23:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہاکہ نومبر2019ء میں کراچی میں بین الاقوامی کلچر سمٹ منعقد ہوگی جس میں دُنیا کے 80ممالک کے کلچر نمائندوں نے شرکت کرنے پر رضامند ظاہر کردی ہے جوکہ آرٹس کونسل آئندہ سال ایک بین الاقوامی میڈیا کانفرنس بھی منعقد کرانے پر غور کررہی ہے۔ آرٹس کونسل کا تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے جو 2ماہ کی مختصر مدت میں مکمل کرلیا جائے گا، نئی عمارت کا افتتاح 29اپریل کو کیا جائیگا۔

اس کے بعد آرٹس کونسل بین الاقوامی کانفرنس کے لئے موضوع مقام ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی رات منظر اکبر ہال میں آرٹس کونسل کی جانب سے کراچی پریس کلب کے عہدیداران وممبران کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک ، سیکریٹری مقصود یوسفی اور خازن موسیٰ کلیم آرٹس کونسل کی پریس اینڈپبلی کیشن کمیٹی کے چیئرمین بشیرسدوزئی اور شکیل خان نے بھی خطاب کیا۔

محمد احمد شاہ نے کہاکہ گزشتہ ہفتہ ابوظہبی میں منعقد بین الاقوامی کلچر کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کے موقع پر میں نے انتظامیہ سے آئندہ کانفرنس کی میزبانی کراچی کو دینے کی بات کی جس کو منظور کرلیاگیا اور توقع ہے کہ نومبر2019ء میں کراچی آرٹس کونسل کی میزبانی میں ہونے والی بین الاقوامی کلچر کانفرنس میں 80ممالک کے 400 سے زائد نمائندے شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس کانفرنس سے کراچی بلکہ پاکستان کا امیج بلند ہوگا جس کا موضوع ’’دُنیا میں کلچر کے توسط سے امن کا قیام‘‘ہوگا ۔ اس کے لئے ایک سیکریٹریٹ قائم کیا جارہا ہے۔ محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ میرا رشتہ کراچی پریس کلب سے برسوں پرانا ہے 70 ، 80 کی دیہائی میں ، میں کراچی پریس کلب میں ہر روز بیٹھتا تھا اور پریس کلب کے سینئر صحافیوں سے میرے بہت اچھے تعلقات تھے اور ہیںاس وقت کراچی پریس کلب سب سے معتبر ادارہ سمجھا جاتا تھا لیکن گزشتہ 15 سال سے میری اور میری ٹیم کی کوششوں سے پریس کلب کے ساتھ ساتھ آرٹس کونسل بھی ملک کا ایک معتبر ادارہ بن گیا ہے۔

آج آرٹس کونسل نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنے کاموں کی وجہ سے ایک پہچان رکھتا ہے دبئی میں ہونے والی انٹر نیشنل کانفرنس میں پاکستان سے واحد میں شریک تھا یہ آرٹس کونسل کے پروگراموں کی وجہ سے ہوا انہوںنے کہاکہ اردو کانفرنس ، یوتھ فیسٹیول ، تھیٹر منعقد کرنا تو ایک معمولی بات ہوگئی، آرٹس کونسل تفریح سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ علمی میدان میں بھی قدم رکھ رہا ہے انسٹیٹیوٹ کا آغاز کردیاگیا ہے جس میں کالج لیول کی تعلیم دی جائے گی اور عنقریب اس آرٹس کالج کو یونیورسٹی کا درجہ بھی دیئے جانے کے لئے کام شروع کردیا جائے گا۔

100 طالب علموں کو 10لاکھ روپے ماہانہ اسکالر شپ دی جارہی ہے۔ پریس کلب کے سیکریٹری مقصود یوسفی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احمد شاہ کا پریس کلب سے بہت پرانا رشتہ ہے انہوںنے کراچی پریس کلب کی چھت ڈالتے وقت پریس کلب کی جو مدد کی وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔احمد شاہ نے جو انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس کی تجویز دی ہے میں اس کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہوں اورکراچی پریس کلب ہر سطح پر اس کی مکمل حمایت کرے گا کیوں کہ ہمارا مقصد صحافیوں کی فلاح و بہبود ہے اور ہم اپنے ہرطرح کے اختلافات کو صحافیوں کی بھلائی کے کاموں کے لیے الگ رکھ دیتے ہیں۔

کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک نے کہا کہ آرٹس کونسل اور پریس کلب کا نہ صرف فاصلہ کم ہے بلکہ دونوں کے دل بھی ایک ساتھ دھڑکتے ہیںآرٹس کونسل نہ صرف پاکستان کا بلکہ دنیا کا ایک معتبر ادارہ بن چکا ہے جو دنیا بھر میں اپنے تعلیمی ،ثقافتی اور ادبی پروگراموں کے ذریعہ دنیا بھر کا سافٹ امیج پیش کررہا ہے احمد شاہ کی انٹرنیشنل کانفرنس کی تجویز کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہوں اور ہر فورم پر اس کے لیے کام کرنے کے لیے کراچی پریس کلب تیار ہے ۔

آرٹس کونسل کی پریس اینڈ پبلی کیشن کمیٹی کے چیئرمین بشیر سدوزئی نے کہا کہ صدر احمد شاہ نے جو آرٹس کونسل کے کاموں کا بتایا وہ ایک فیصد سے بھی کم ہیںآرٹس کونسل فن و ثقافت کا ایک مضبوط ادارے کے ساتھ تعلیمی ادارہ بھی بن چکا ہے۔ کراچی پریس کلب کے خازن موسیٰ کلیم نے شہناز صدیقی کے لئے فاتحہ خوانی کی اور دعائے مغفرت کی ۔