بلاول بھٹو زرداری کا 4اپریل کو کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا،

پیپلزپارٹی بلوچستان کارکن جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات محنت کریں، پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے، حاجی علی مدد جتک اوردیگر کا خطاب

جمعہ 20 اپریل 2018 23:38

بلاول بھٹو زرداری کا 4اپریل کو کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا 4اپریل کو کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا پارٹی کارکن پارٹی چیئرمین کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات محنت کریں ، پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے جمعہ کو پیپلز پارٹی بلوچستان کی صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نائب صدر میر مولا بخش گورگیج، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ربانی خان خلجی، ریکارڈ سیکرٹری سردار سرور سلیمانخیل، صوبائی میڈیا سیل انچارج حیات اللہ خان،اچکزئی،صوبائی صدر کے فوکل پرسن ممبر صوبائی کونسل ملک ابرار، اقلیتی ونگ کے صدر جعفر جارج، سپورٹس ونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ، یوتھ ونگ کے صدر ثناء اللہ جتک،کوئٹہ ڈویڑن کے سینئر نائب صدر بشیر احمد کاکڑ، ضلعی کوئٹہ کے صدر میر ولی محمد قلندرانی، جنرل سیکرٹری جہانگیر خان خلجی اور کوئٹہ سٹی کے صدر ملک زیشان حسین نے شرکت کی۔

اجلاس میں 4مئی کو کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے زیراہتمام منعقد ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی اور جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک ، سید اقبال شاہ ،سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ 4مئی کو کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین کا شاندار استقبال کیا جائے گااورانشاء اللہ پیپلز پارٹی کے زیراہتمام منعقد ہونے والے جلسے میں بلوچستان بھر سے پیپلز پارٹی کے جیالے شرکت کرکے جلسے کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ،پیپلز یوتھ ونگ ، اقلیتی ونگ ، علماء ونگ اور دیگر ذیلی تنظیموں کے عہدیدار اور کارکن بلال بھٹو زرداری کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کریں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام اورسرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے ہیں موجودہ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا ہے اور ملک اس وقت مختلف بحرانوں کا شکار ہے ملک کو ان بحرانوں سے پیپلز پارٹی ہی نکال سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر و شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں فعال اور منظم ہورہی ہے اورانشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی ملک بھر سے بھاری اکثریت میں کامیابی حاصل کریگی۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ووٹر لسٹوں میں ناموں کے اندراج ،عوام اور خاص کر خواتین کے شناختی کارڈ ضروربنوائیں تاکہ انتخابات میں زیادہ سے زیادہ لوگ ووٹ کاسٹ کرکے اپنے نمائندے منتخب کرسکیں۔