محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے گرانقدر خدمات سر انجام دے رہا ہے ‘وحید اختر انصاری

پنجاب بھر کے صنعت زاروں میں زیر تربیت بچیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تیار کردہ ہینڈی کرافٹس کی نمائش منعقد کی جائے گی ‘ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر وبیت المال پنجاب

جمعہ 20 اپریل 2018 23:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب وحید اختر انصاری کے زیر اہتمام سوشل ویلفیئر ڈائریکٹوریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام دست کاریوں کی بڑی نمائش کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سوشل ویلفیئر نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے ۔

اس ضمن میں پنجاب کے 36 اضلاع میںوزیر اعلیٰ کے یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صنعت زاروں اور قصر بہبود مراکز میں مقامی خواتین کو ان کی ضروریات کے مطابق گھریلو دستکاریوں اور جدید طرز کی فنی تربیت مہیا کی جا رہی ہے۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ صنعت زاروں اور قصر بہبود مراکز میں زیر تربیت بچیوں کی حوصلہ افزائی اور مالی معاونت کے لیے 23۱ور24اپریل الحمراء کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں نمائش منعقد کی جا رہی ہے جس میں پنجاب کے تمام اضلاع میں تربیتی مراکز میں تیار کردہ روایتی ملبوسات اورہینڈی کرافٹس کے سٹال لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

نمائش میں صنعت زار اور قصر بہبود کے علاوہ مختلف این جی اوز سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی سٹال سجائیں گی۔نمائش میں مختلف قسم کے مقابلہ جات بھی منعقد کروائے جائیں گے جن میں برائیڈل میک اپ، برائیڈل مہندی، سلاد بنانا، اور پینٹنگ وغیر ہ شامل ہیں۔وحید اختر انصاری نے اجلاس میں شریک تمام ضلعی افسران اور صنعت زاروں کے منتظمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ کی بہترین مصنوعات کی نمائش کو یقینی بنائیںاور انھیں نیشنل لیول کے مقابلہ جات میں پیش کریں تاکہ طلبہ میں مسابقت کی فضاء پیدا ہو اور وہ زیادہ سے زیادہ سیکھیں ۔ تقریب میں گہوارا کی جانب سے پروگرام ---"چھوٹی سی آشا" بھی پیش کیا جائے گا۔اس کے علاوہ خصوصی افراد کی جانب سے گیت بھی پیش کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :