Live Updates

حکمران عوام کی حالت زار بدلنے کے معاملے پر ڈنگ ٹپائو پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں ‘ مسرت چیمہ

عوام نے موقع دیا تو صحت اور تعلیم سمیت بنیادی ضروریات کی فراہمی اولین ترجیح ہو گی‘ ممبر ایگزیکٹو کونسل

ہفتہ 21 اپریل 2018 12:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران عوام کی حالت زار بدلنے کے معاملے پر ڈنگ ٹپائو پالیسیوں جبکہ شعبدہ بازی کے منصوبوں پر مستقل مزاجی سے عمل پیرا ہیں ،عوام نے موقع دیا تو صحت اور تعلیم سمیت بنیادی ضروریات کی فراہمی اولین ترجیح ہو گی اور اس کیلئے مرتب کردہ منشور پر من و عن عملدرآمد کویقینی بنایا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 136کے دفتر میں خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی والے گزشتہ کئی دہائیوں سے اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے کہیں بھی ان کی گورننس کی مثال نہیں دی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

اداروں کو ٹھیک کرنے کی بجائے اوپر سے نیچے تک کرپشن کو فروغ دیا گیا جس سے عوام کی حالت زار مزید ابتر ہوئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کو خیبر پختوانخواہ جیسے مشکل صوبے میں پہلی بار حکومت ملی ہے لیکن اس کے باوجود ہم نے پہلے دن سے اصلاحات کیلئے کا م کیا جس کے مثبت نتائج نکلے ہیں ۔ انشااللہ آئندہ حکومت میں آکر حالات میں مزید بہتری لائی جائے گی ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی جامع منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور اس حوالے سے جلد واضح پروگرام سامنے لایا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات