ٹرمپ کی روسی ہم منصب کو دورہ امریکا کی دعوت،پیوتن نے قبول کرلی

شام پرفضائی حملوں سے قبل امریکا کو روس کی سرخ لکیر سے آگاہ کردیاتھا،پاسداری کی گئی،روسی وزیرخارجہ

ہفتہ 21 اپریل 2018 12:30

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) روسی وزیرخارجہ سیرگئی لافروف نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے صدر ولادی میرپیوتن کو وائیٹ ہاؤس کے دورے اور ملاقات کی دعوت دی ہے۔ اورصدر پیوتن ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے م طابق ایک بیان میں روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے صدر کا سو فی صد اتفاق ہے کہ امریکا اور روس ایک دوسرے کے خلاف فوجی تصادم کی طرف نہیں جائیں گے۔

شام میں کی گئی فوجی کارروائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے لافروف نے کہا کہ ماسکو نے واشنگٹن کو شام میں سرخ لکیر کے بارے میں آگاہ کردیا تھا۔ اس حملے میں روس کی وضع کردہ سرخ لکیر کو عبور نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ شام پر امریکی حملے کے بعد روس اسد رجیم کو ایس 300 میزائل نظام نہ دینے کے عہدے کا پابند نہیں رہا ۔