میٹرک کے عملی امتحانات میں نقل کروانے پر 4پریکٹیکل ایگزامینرتبدیل ، پیڈا کے تحت کاروائی کی جائیگی،، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر جمیل

ہفتہ 21 اپریل 2018 13:03

لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) میٹرک کے عملی امتحانات میں نقل کروانے پر 4پریکٹیکل ایگزامینرتبدیل کردئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق کنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر جمیل نے گزشتہ روزصوبائی دارلحکومت لاہور اور قصور کے مختلف امتحانی مراکز میں وزٹ کئے،اچانک چھاپوں کے دوران گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول قصور کے پریکٹیکل ایگزامینرنصیر ہمایوں،پاکستان ماڈل ہائی سکول فاربوائز کے پریکٹیکل ایگزامینرمحمد صدیق ،سٹی ویو بوائز ہائی سکول کے پریکٹیکل ایگزامینرمحمد سفیان اور علامہ اقبال گرلز ہائی سکول کے پریکٹیکل ایگزامینرکوسائنس لیبز میں میٹرک کے ا میدواروں کو نقل کروانے پر فوری طورپر تبدیل کردیا گیا اور انکے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کاروائی کیلئے محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کو کیس بھجوا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر جمیل نے کہا کہ امتحانی سنٹرز میں چھاپوں کے دوران نقل کروانے پر متعدد پریکٹیکل ایگزمینرز کو تبدیل کردیا گیاہے،امتحانی سنٹرز میں پریکٹیکل سٹاف تبدیل کرنے پر قصور،کھڈیاں،بیدیاںاوررائو خان والا سے لاہور امتحانی بورڈ سسٹم میں میٹرک کے پریکٹیکل امتحانات کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی آمیز فون کالز بھی موصول ہوئی ہیں۔

انہوںنے بتایا کہ پریکٹیکل امتحانات بروقت شیڈول کے مطابق ہونگے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔کنٹرولر امتحانات نے بتایا کہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب بیرسٹر نبیل اعوان کے احکامات پر فون کالز کرنیوالوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے،جس کے بعد انکے خلاف باقاعدہ کاروائی کی جائے گی۔