پاور ڈویژن کے وفاقی وزیرکی کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے حکومت کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی

پاور ڈویژن کے وفاقی وزیر اویس لغاری کاکراچی میں بجلی بحران کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط

ہفتہ 21 اپریل 2018 13:03

پاور ڈویژن کے وفاقی وزیرکی کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) پاور ڈویژن کے وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کراچی میں بجلی کے بحران کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے اور کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے حکومت کی بھرپور معاونت کا یقین دلایا ہے۔ اپنے خط میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک متبادل توانائی کے ذریعے بند پلانٹس چلا سکتی ہے۔

انہوں نے کراچی واٹر سپلائی بورڈ کے ذمہ کے الیکٹرک کے واجب الادا 32 ارب روپے کی ادائیگی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کے الیکٹرک سوئی سدرن گیس کمپنی کو اپنی ادائیگیوں کو بہتر بنا سکتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی واٹر سپلائی بورڈ کے ذمہ کے الیکٹرک کے واجبات کی ادائیگی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اویس احمد لغاری نے کہا کہ حکومت ملک میں توانائی کی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے کے لئے جامع اقدامات کر رہی ہے جن میں بجلی کی اضافی پیداوار کے اقدامات بھی شامل ہیںتاکہ طلب و رسد میں موجود فرق کو ختم کیا جا سکے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ایک کاروباری مرکز، صنعتی اور ملک کا سب سے بڑا شہر ہونے کی حیثیت سے کراچی ہمیشہ حکومت کی اولین ترجیح رہا ہے۔ حکومت کراچی میں بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے لئے کے الیکٹرک کی بھرپور معاونت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی کا حالیہ بحران کے الیکٹرک کی ناقص انتظامی کارکردگی اور سسٹم کی خامیوں وغیرہ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر سپلائی بورڈ کے ذمہ واجب الادا 32 ارب روپے کے الیکٹرک کو اس قابل بنا سکتے ہیں کہ وہ سوئی سدرن گیس کمپنی کو اپنی ادائیگیاں کر سکے جس سے گیس کی فراہمی میں اضافہ سے بجلی کی پیداوار بڑھائی جا سکے گی۔