شمالی کوریا کا جوہری تجربات روکنے کا اعلان، چین کی جانب سے خیرمقدم

امید ہے فیصلے سے جزیرہ نما کوریا کے باسیوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی،چینی وزارت خارجہ کا ردعمل

ہفتہ 21 اپریل 2018 13:49

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء)شمالی کوریا نے جوہری اور میزائل تجربات روکنے کا اعلان کیا ہے۔ اس نئی پیش رفت کو بیجنگ حکومت نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے کے راستے میں اہم قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیا کہ شمالی کوریاکی حکومت کی جانب سے جوہری تجربات کو روکنے اور ملکی اقتصادیات کو بہتر بنانے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کرنے سے جزیرہ نما کوریا کے باسیوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔

اس چینی بیان میں کہا گیا کہ شمالی کوریا کے اس فیصلے سے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے اور تنازعے کا سیاسی مکالمت کے ذریعے پرامن حل تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔