استحکام پاکستان کونسل نے اعلیٰ کارکردگی پر ضلع ناظم مانسہرہ سید غلام کو قائداعظم گولڈ میڈل کیلئے نامزد کر دیا

ہفتہ 21 اپریل 2018 15:43

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) استحکام پاکستان کونسل نے اعلیٰ کارکردگی اور ضلعی امور بہترین انداز میں چلانے پر ضلع ناظم مانسہرہ سید غلام کو قائداعظم گولڈ میڈل کیلئے نامزد کر دیا۔ گولڈ میڈل یکم مئی کو استحکام پاکستان کونسل کے زیراہتمام لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان کونسل رجسٹرڈ کے زیراہتمام سال 2018ء کے گولڈ میڈل کیلئے ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام کو نامزد کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام نے مشکل ترین حالات کے باوجود ضلعی نظامت کو انتہائی احسن طریقہ سے چلایا اور ضلع کونسل سے اپوزیشن کا تصور ختم کر کے ضلع مانسہرہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر کام کیا۔

(جاری ہے)

ضلع ناطم مانسہرہ سردار سید غلام کی زیر نگرانی مانسہرہ میں تقریباً 2600 سے زائد ترقیاتی منصوبے شروع ہو کر مکمل ہوئے جبکہ بعض پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام نے ضلع مانسہرہ میں تعلیم اور معیار تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہوئے اساتذہ کو ان کا جائزہ مقام دلانے پر زور دیا۔

ضلع مانسہرہ میں بہترین طریقہ سے ضلعی نظامت چلانے اور ضلع مانسہرہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروانے پر استحکام پاکستان کی جانب سے یکم مئی 2018ء کو لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب جس کے مہمان خصوصی مسعود احمد خان صدر حکومت آزاد کشمیر ہوں گے، میں گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا۔ تقریب میں منیب اقبال پوتا علامہ محمد اقبال، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، خواجہ عمران صوبائی وزیر صحت پنجاب، رانا مشہور احمد صوبائی وزیر تعلیم پنجاب، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خان، رخسانہ کوثر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب چیئرمین تحریک استحکام پاکستان و دیگر ہوں گے۔