پولیس نے ککوتری میں سگی خالہ کو قتل کرنے والے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا، ملزم کا اعتراف جرم

ہفتہ اپریل 15:43

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2018ء) پولیس نے ککوتری میں سگی خالہ کو قتل کرنے والے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا، دوران تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کر لیا، ملزم کو مقامی میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا، عوامی حلقوں نے ملزم کی 24 گھنٹوں کے اندر گرفتاری پر ایس ایچ او تھانہ بیڑ نعمان خان کی کارکردگی کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق 18 اپریل کو تھانہ بیڑ کی حدود بٹ شریف میں سگے بھانجے نے اپنی خالہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق 32 سالہ نسیم بی بی اختر مسعود جاوید اپنے چار بچوں کے ہمراہ عرصہ 8 سال سے بوجہ طلاق اپنے والد کے گھر رہائش پذیر تھی جسے گذشتہ روز ملزم کاشف ولد محمد ہارون جو مقتولہ کا بھانجا ہے، نے گھر میں گھس کر 30 بور پستول سے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

(جاری ہے)

تھانہ بیڑ پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ زنی شروع کر دی۔

ایس ایچ او تھانہ بیڑ نعمان خان نے مصدقہ اطلاع پر بانڈہ مغلاں میں چھاپہ مار کر ملزم کاشف کو گرفتار کر لیا اور اس کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔ گذشتہ روز ڈی ایس پی سرکل صدر ذوالفقار خان جدون اور ایس ایچ او تھانہ بیڑ نعمان خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ملزم کو آلہ قتل سمیت میڈیا کے روبرو پیش کیا۔ ڈی ایس پی ذوالفقار جدون نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم کر لیا، مزید تفتیش کیلئے عدالت سے ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔